بھٹکل:22/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیرا ہتمام بھٹکل پولس محکمہ کے اشتراک سے ’’سڑک تحفظ بیداری مہم ‘‘(Road Safety awareness program) کا افتتاحی پروگرام بروز جمعرات کی شام نوائط کالونی کے رابطہ ہال میں منعقد ہوا۔
مہمان ِ خصوصی کے طورپر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر محمد مزمل قاضیا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوار ی کو چلانے والے سب سے پہلے اپنی گاڑی یعنی سواری کی اچھی طرح جانچ کرلیں، پنچایت اور بلدیہ سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ راستوں کی مرمت و درستگی کی طرف توجہ دیں۔ اکثر ہمارے سوار حضرات سڑک کے بالکل درمیان میں کھڑے ہوجاتے ہیں یا باتیں کرتے رہتے ہیں ، اس کی طرف خاص کر سوارحضرات اور نوجوانوں کو دھیان دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری کوششیں صرف پروگرام کی حد تک نہ ہو بلکہ عملی سطح پر اس کو نافذ کرنے کی طرف پورا زور لگائیں۔
پولس محکمہ کی طرف سے سرکل پولس انسپکٹر سریش نایک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل میں بغیر لائسنس کے بہت ساری گاڑیاں دوڑتی ہیں، میں سرپرستوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اس معاملے میں احتیاط برتیں۔ انہوں نے نوجوانوں کےبہت زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ بائک چلانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف ان کاخود کا نقصان ہوتاہے بلکہ دوسروں کو ٹکر لگنے سے دوسروں کابھی نقصان ہوتا ہے، ایسی صورت میں پورے معاملے میں گھروالے مصیبت میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وہ ٹرپل رائڈ نہ کریں ، خواتین کو لے جانے کے دوران رفتار پر قابورکھیں۔ انہوں نے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے اس سماجی کام کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے عملی سطح پر تعاون دینے کا یقین دلایا۔ فیڈریشن کے صدرامتیاز ادیاور نے پروگرام کی صدار ت کی۔ پروگرام کا آغاز حافظ فرقان شاہ بندری کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ جامعہ کے متعلم فراز نے کنڑا میں آیتوں کا ترجمہ پیش کیا۔ فیڈریشن کے ایگزکیٹیو ممبر وکیل عمران لنکانے استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ فیڈریشن تعلیمی بورڈ ممبر مبشر حسین ہلارے نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ اداکیا۔ ڈائس پر تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری، فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مولوی محمد عرفان ایس ایم ندوی، پی ایس آئی کوڈ گونٹی موجود تھے۔
پروگرام کے بعد ساحل آن لائن سے بات کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور نے کہاکہ سڑک تحفظ مہم کے تحت ہم شہر کے ہر اسکول اور کالج کے طلبا تک پہنچیں گے اور وہاں پروگرام منعقد کرتے ہوئے بیداری لانے کی کوشش کریں گے۔ اسی طرح ہمارے شہر میں جتنے بھی اسپورٹس سنٹر اور کلب ہیں ان کے علاقوں میں بھی بیداری پروگرام منعقد کیاجائے گا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی کثیر تعدا د موجود تھی۔